ایسٹ ٹیک سمپوزیم 2025 (ڈیفنس ایکسپو)کی افتتاحی تقریب سے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کا خطاب
گورنراور سی ڈی ایس جنرل انل چوہان کی شرکت
عوامی نیوز، نمائندہ
رانچی: وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ جھارکھنڈ امکانات کی سرزمین ہے۔ یہاں دفاعی شعبے میں استعمال ہونے والے خام مال وافر مقدار میں موجود ہیں۔ ریاست میں یورینیم بھی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے، اس لیے پرمانو ہتھیار بنانے میں جھارکھنڈ اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں کئی بڑے صنعتی ادارے قائم ہیں اور اس ریاست نے صنعت کے فروغ میں ہمیشہ اپنی منفرد پہچان بنائی ہے۔ کئی چھوٹے بڑے صنعت یہاں پروان چڑھے ہیں۔ وزیراعلیٰ جمعہ کو ٹانا بھاگت انڈور اسٹیڈیم، کھیل گاؤں میں منعقدہ ایسٹ ٹیک سمپوزیم 2025 (ڈیفنس ایکسپو) کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ایک منفرد پروگرام ہے جس کے ذریعے دفاعی شعبے میں نئے پہلوؤں کو جوڑا جا رہا ہے۔ اس کے مقاصد میں ہمیں ضرور کامیابی ملے گی۔ جھارکھنڈ نے ملک کو بہت کچھ دیا ہے اور دفاعی صنعت کے فروغ کے بھی یہاں وسیع امکانات ہیں۔ ہماری حکومت مرکز کے ساتھ مل کر دفاعی شعبے کو خود کفیل بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی بار غلط پالیسیوں کی وجہ سے اہم ادارے کمزور ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ رانچی میں قائم ایچ ای سی ملک کے لیے بڑی خدمات انجام دیتا رہا ہے۔ اس ادارے کی مدد سے کئی دوسرے صنعتی ادارے بھی آگے بڑھے ہیں۔ ایچ ای سی نے سیٹلائٹ اور پرمانو آلات بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ لیکن آج اس ادارے کی حالت اچھی نہیں ہے، جو افسوسناک ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضرورت ہے کہ مرکز اور ریاست مل کر ہم آہنگی کے ساتھ ان اداروں کو مضبوط بنائیں تاکہ ریاست اور ملک صنعت کے شعبے میں خود کفیل بن سکیں۔ مل جل کر کوشش کرنے سے دفاعی صنعت میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ آج بھارتی مسلح افواج کے سربراہ ہمارے درمیان موجود ہیں۔ ایم ایس ایم ای کے شعبے میں جو کام ہو رہا ہے وہ بھی مثبت قدم ہے۔ ریاستی حکومت دفاعی شعبے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔سی ڈی ایس جنرل انل چوہان نے ایسٹ ٹیک 2025 میں کہا کہ بھارت میں دفاعی پیداوار میں خود انحصاری دیر سے شروع ہوا لیکن اب ملک صحیح سمت میں بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص اے آئی (Artificial Intelligence) کے استعمال اور تحقیق و ترقی پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ہتھیاروں کا درست اور اسٹریٹجک انتخاب سب سے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے فروغ کے لیے جھارکھنڈ اور مغربی بنگال جیسے ریاستوں کی سرگرم شمولیت اہم ہے۔ جنگ سائنس بھی ہے، فن بھی، اور آج کے دور میں ایک سپاہی کو تخلیقی ہونا چاہیے۔اس موقع پر گورنر سنتوش کمار گنگوار، وزیراعلیٰ ہیمنت سورین، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، سی ڈی ایس جنرل انل چوہان، ریاستی چیف سیکریٹری الکا تیواری، مشرقی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل رام چندر تیواری، ایئر کمانڈر انچیف سورت سنگھ اور وزارت دفاع کے دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔سبھی معزز مہمانوں نے ڈیفنس ایکسپو کا معائنہ کیا اور اس میں شریک ماہرین، صنعتی اداروں اور ایم ایس ایم ای یونٹس کے نمائندوں کے تجربات کو سنا اور سمجھا۔


