نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج نئی دہلی کے ساؤتھ بلاک میں ہونے والی پپنگ تقریب کے دوران اسٹار نیزہ پھنکنے والے سرکردہ کھلاڑی اور اولمپک میں دو مرتبہ تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا کو ٹریٹوریل آرمی میں لیفٹیننٹ کرنل کے اعزازی عہدے کا چمکتا ہوا نشان باضابطہ طور پر عطا کیا۔ لیفٹیننٹ کرنل (اعزازی) نیرج چوپڑا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر دفاع نے انہیں لگن، حب الوطنی اور بہترین کارکردگی کے لیے جدوجہد کرنے کے ہندوستانی جذبے کی علامت قرار دیا۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ‘‘لیفٹیننٹ کرنل (اعزازی) نیرج چوپڑا نظم و ضبط، لگن اور قومی افتخار کے اعلی ترین نظریات کی علامت ہیں، جو کھلاڑیوں اور مسلح افواج کےاندر آئندہ نسلوں کے لیے یکساں طور پر تحریک دینے کا کام کرتے ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی اور ٹریٹوریل آرمی کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
2016 میں ٹریٹوریل آرمی میں داخلہ لینے والے لیفٹیننٹ کرنل (اعزازی) نیرج چوپڑا نے ٹریٹوریل آرمی کی راجپوتانہ رائفلز کے ساتھ خدمات انجام دی ہیں۔ وہ ہریانہ کے پانی پت ضلع کے کھنڈرا گاؤں میں 24 دسمبر 1997 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے بین الاقوامی ایتھلیٹکس میں اپنی قابل ذکر کامیابیوں کے ذریعے قوم اور مسلح افواج کو بے پناہ فخر دلایا۔
نیزہ پھینکنے والے سرکردہ کھلاڑی نے 2020 میں ٹوکیو اولمپکس میں ٹریک اینڈ فیلڈ میں اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بن کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے 2024 میں پیرس اولمپکس میں چاندی کا تمغہ اور 2023 میں عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت کر اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہوں نے ایشیائی کھیلوں ، دولت مشترکہ کھیلوں اور ڈائمنڈ لیگ مقابلوں میں سونے کے کئی تمغے حاصل کئے ہیں۔ انفرادی طور پر ان کا بہترین تھرو 90.23 میٹر (2025) ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کے طور پر قائم ہے۔
ان کی شاندار کامیابیوں اور ملک کے لیے مثالی خدمات کے اعتراف میں، لیفٹیننٹ کرنل (اعزازی) نیرج چوپڑا کو 16 اپریل 2025 کو صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے ٹریٹوریل آرمی میں اعزازی کمیشن عطا کیا۔ اس سے قبل انہیں پدم شری، میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ، ارجن ایوارڈ، پرم وششٹ سیوا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا جاچکا ہے ۔
وزیر دفاع نے نیرج چوپڑا کو لیفٹیننٹ کرنل کے اعزازی عہدے کا نشان عطا کیا
Leave a comment
Leave a comment


