جامعہ ابوہریرہ امباٹولی لوہردگا میں عظیم الشان تقریب تکمیل قرآن و انعامی پروگرام کا انعقاد

Aawami News Desk

رانچی/لوہردگا : نسبت بڑی اونچی چیز ہے اور نسبت ہی سے کسی چیز کی قیمت متعین ہوتی ہے ۔ چوں کہ قرآن مجید کلام ربانی ہے ۔ خدا کا کلام ہے، جو تمام کلاموں میں اعلی اور ارفع ہے ۔ اسے جب اپنے سینے میں محفوظ کرلیا جائے، تو اس نسبت سے حافظ قرآن کا مقام و مرتبہ تو بلند ہو ہی جائے گا ۔ اس حقیقت کو ہم اس مثال سے بھی سمجھ سکتے ہیں، کہ جب کسی شخص کا کسی بادشاہ حاکم یا بڑے عہدے دار سے کسی طرح کا تعلق اور رابطہ ہو جاتا ہے تو اس کا شمار خاص لوگوں میں ہونے لگتا ہے اور وہ شخص اس تعلق کو اپنے لئے فخر و عزت کی چیز سمجھنے لگتا ہے گویا اسے بہت بڑی دولت ملی گئی۔جب اس عارضی فانی اور ناپائیدار دنیا کے تعلق کا یہ عالم ہے تو اس شخص کی خوشی کا کیا اندازہ ہوسکتا ہے ۔جو اپنے رب حقیقی کا مقرب اور خاص ہوجائے ۔ واقعتاً وہ انسان قابل رشک اور لائق صد فخر ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ حفاظ کرام کو خاصان خدا کہا گیا ہے ۔ مذکورہ خیالات کا اظہار حضرت مولانا اکرام الحق عینی نے جامعہ ابوہریرہ امباٹولی ڈانڑو سنہا لوہردگا میں تقریب تکمیل قرآن کے عنوان پر منعقد ایک پُررونق اور روح پرور مجلس سے کیا۔ تقریب کا آغاز مفتی عبد الحکیم کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ شان رسالت میں جناب قاری نثار دانش نے بڑے ہی خوبصورت لب و لہجہ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بعدہ طلباء کی تقاریر اور ثقافتی پروگرام کا خوبصورت سلسلہ چلا ۔ اس تقریب میں جامعہ کے ایک طالبِ علم سمیع اللہ ولد عبداللہ نے مکمل قرآنِ مجید حفظ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ یہ طالب علم جامعہ ابوہریرہ کا سب سے پہلا حافظِ قرآن ہے۔ جس کا تعلق بھیّا گاؤں لوہردگا سے ہے، جو اہلِ علاقہ کے لیے فخر و خوشی کا باعث ہے۔ اس پروگرام میں ششماہی امتحان میں پوزیشن لانے والے طلباء کرام کو گراں قدر انعامات سے نوازا گیا ۔ ساتھ ہی ساتھ پورے مدرسہ میں ٹاپ ہونے والے طالب علم محمد عیان ولد محمد اشفاق کو شیلڈ دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس موقع پر جامعہ ابو ہریرہ کے بے لوث خادم حافظ محمد عمران، مولانا مجاہد قاسمی ، قاری عبداللہ ، مولانا ضیاء الرحمن صاحب امام و خطیب مسجد بلال نگڑی، مولانا پرویز ، حافظ احسان منظر ، قاری آفتاب ، مولانا عبد الرشید ، مولانا عبدالحکیم ، مفتی عبد المطلب ،حافظ محمد اشرف ، حافظ محمد کلیم وغیرہ کے علاؤہ علاقہ کے ذمہ داران اور طلباء کے سرپرستوں کی بڑی تعداد موجود تھی ؛جنہوں نے طلباء کی محنت اور اساتذہ کی خدمات کو سراہا اور جامعہ کی ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد میں نوجوانانِ امباٹولی نے بھرپور خدمت انجام دی۔ جامعہ کے ناظمِ اعلیٰ مولانا نثار عالم مظاہری نے تمام مہمانانِ کرام اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی تعلیمی و دینی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا۔ نظامت کے فرائض مولانا پرویز مظاہری نے انجام دئیے اور مولانا اکرام الحق عینی کی دعاء پر یہ بابرکت محفل اختتام پذیر ہوئی۔

Share This Article
Leave a comment