رانچی: جھارکھنڈ میں طوفان مونتھا کا اثر تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ دارالحکومت رانچی سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں گزشتہ دو دنوں سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے یکم نومبر تک بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی ہے۔ حفاظتی اقدام کے طور پر محکمہ نے ریاست کے کئی حصوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پلامو، گڑھوا، چترا، لاتیہار، رانچی، بوکارو، گملا، ہزاری باغ، کھونٹی، رام گڑھ، لوہردگا، کوڈرما اور دھنباد اضلاع میں کہیں کہیں شدید بارش کی توقع ہے۔ ان علاقوں میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے نیچے پناہ لینے سے گریز کریں۔دریں اثنا، 31 اکتوبر کو دیوگھر، ڈمکا، گرڈیہ، گوڈا، جامتا ڑہ، پاکوڑ، اور صاحب گنج اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس دوران کئی مقامات پر گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کی بھی توقع ہے۔ یکم نومبر کو، دن کے وقت جزوی طور پرآسمان ابر آلود رہے گا ۔ صبح کے وقت دھند پڑنے کی توقع ہے۔ ریاست کے مشرقی حصوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ دیگر علاقے خشک رہیں گے۔ 2 نومبر کو ہلکی دھند کے بعد، آسمان زیادہ تر صاف رہے گا، اور ریاست کے بیشتر حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریاست کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ 48.0 ملی میٹر بارش دیاکیلا، کھونٹی ضلع میں ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثنا، دیوگھر میں ریاست کا سب سے زیادہ درجہ حرارت 33.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، اور لاتیہار میں سب سے کم درجہ حرارت 19.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چند دنوں تک جھارکھنڈ میں طوفان مونتھا کے اثرات برقرار رہ سکتے ہیں۔ اس لیے کسانوں اور عام لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور محکمہ موسمیات کی تازہ ترین خبروں پرنظر رکھیں۔


