گھاٹ شِلا اسمبلی ضمنی انتخاب کی تمام تیاریاں مکمل

Aawami News Desk

رانچی: جھارکھنڈ کے گھاٹ شِلا درج فہرست قبائل کے لیے محفوظ اسمبلی ضمنی انتخاب میں 11 نومبر کو پُرامن اور صاف و شفاف ووٹنگ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ریاست کے چیف الیکشن افسر کے روی کمار نے آج یہاں بتایا کہ گھاٹ شِلا اسمبلی حلقے میں کل صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک سخت سکیورٹی انتظامات کے درمیان ووٹنگ ہوگی، اور اس کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
اس ضمنی انتخاب میں کل 13 امیدوار میدان میں ہیں، اور ووٹنگ منگل کی صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک 300 پولنگ مراکز پر ہوگی، جہاں 2,56,352 ووٹر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس علاقے میں ایک لاکھ پچیس ہزار 114 مرد اور ایک لاکھ 31 ہزار 235 خواتین ووٹر ہیں، اس کے علاوہ 372 سروس ووٹر بھی شامل ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ اس بار 16,601 نوجوان ووٹر پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔ معذور ووٹروں کی تعداد 2,738 ہے، جبکہ ایک این آر آئی ووٹر کا نام بھی فہرست میں شامل ہے۔
ووٹنگ کے دوران سکیورٹی کے لیے مرکزی مسلح پولیس فورس کی 10 کمپنیاں بھی تعینات کی گئی ہیں۔ کل 300 پولنگ مراکز پر 1,200 پولنگ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 120 اہلکار ریزرو کے طور پرشامل ہوں گے۔ بِشٹُوپور کے کوآپریٹو کالج سے اہلکاروں کو بھیجا جا رہا ہے۔
پولنگ اسٹیشن پر صبح 5:30 بجے سیاسی جماعتوں کے ایجنٹوں کی موجودگی میں ماک پول کیا جائے گا، تاکہ ووٹنگ کے عمل کا جائزہ لیا جا سکے۔
اس علاقے کے 186 پولنگ مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں خصوصی چوکسی برتی جائے گی۔ اس کے لیے 30 مائیکرو آبزرور تعینات کیے جائیں گے۔ اس اسمبلی حلقے کے ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔

Share This Article
Leave a comment