رانچی میں ہندوستان۔جنوبی افریقہ ون ڈے میچ کی تیاریاں آخری مرحلے میں، ٹکٹ کی قیمتوں کا اعلان

Aawami News Desk

رانچی:  جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے جے ایس سی اے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں 30 نومبر کو ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے ون ڈے میچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔کرکٹ شائقین کے لیے یہ میچ ایک بڑے کرکٹ تہوار کی شکل اختیار کر چکا ہے، جہاں میدان کے اندر اور باہر رنگ و روغن، مرمت اور سجاوٹ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسٹیڈیم انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ مشترکہ طور پر شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے جدید اور آرام دہ ماحول فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔اس مقابلے کے سلسلے میں اسٹیڈیم اور ضلع انتظامیہ نے ناظرین اور کھلاڑیوں کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ رنگ و روغن، مرمت اور تزئین و آرائش جیسے کام تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ اس کرکٹ تہوار کا منظم اور محفوظ انعقاد ممکن ہو سکے۔
اسٹیڈیم کی دیواروں کو دونوں ممالک کی ثقافتی جھلک اور کھیل کے جذبے کو اجاگر کرنے والے خصوصی فن پاروں سے سجایا گیا ہے۔ کھلاڑیوں کے لیے ڈریسنگ رومز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے، جبکہ ناظرین کے لیے نشستوں کی مرمت، فلڈ لائٹس کی جانچ اور الیکٹرانک اسکور بورڈ کا ٹیسٹ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ میچ کے ٹکٹوں کی قیمتیں طے کر دی گئی ہیں۔ اسٹیڈیم کے تمام داخلی دروازے، پارکنگ علاقے اور دروازوں کو بھی نئے انداز میں تیار کیا گیا ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت مکمل طور پر ڈیجیٹل رکھی گئی ہے۔جے ایس سی اے کے صدر اجے ناتھ شاہ دیو نے کہا کہ یہ میچ رانچی میں ایک یادگار کرکٹ تجربہ ثابت ہوگا۔ کھلاڑیوں کی حفاظت اور ناظرین کی سہولت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے۔ مہندر سنگھ دھونی کی کرم بھومی پر کرکٹ کا جادو ایک بار پھر لوٹ رہا ہے، جس سے مقامی کرکٹ شائقین میں جوش و خروش صاف دیکھا جا سکتا ہے۔

Share This Article
Leave a comment