ریاستی اور علاقائی سطح پر ترجمانوں کی تقرری کیلئےعمل شروع کیاجائے گا: کیشو مہتو کملیش

Aawami News Desk

رانچی: کانگریس ترجمانوں کے انتخاب کے لیے نیشنل میڈیا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پورے ملک میں چلایا جا رہا ہے اور جھارکھنڈ میں بھی اس کی شروعات جلد ہوگی۔صوبائی کانگریس صدر کیشو مہتو کملیش نے آج یہاں پریس کانفرنس میں یہ معلومات دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی سی سی کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ کے ذریعے جھارکھنڈ میں ریاستی سطح اور علاقائی سطح پر ترجمانوں کی تقرری کے لیے عمل شروع کیاجائےگا۔ پورے جھارکھنڈ کو اس کے لیے سات زون میں تقسیم کیا گیا ہے جن میںپہلا زون پلامو،دوسرا کولہان، تیسرا زون دیو گھر، دمکا، جامتاڑا،چوتھا زون صاحب گنج، گوڈا، پاکوڑ،پانچواں زون رام گڑھ، چترا، کوڈرما، ہزاری باغ،چھٹا زون بوکارو، دھنباد، گریڈیہ اورساتواں زون جنوبی چھوٹا ناگ پورکے اضلاع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پوری کارروائی میں کانگریس کے اصولوں کے تئیں وفاداری، نظریاتی وابستگی، سیاسی بیداری، صاف سوچ، فوری ردعمل دینے کی صلاحیت، شستہ زبان اور ابلاغی مہارت، تاریخ کا مناسب علم، میڈیا میں قدرتی موجودگی، اور میڈیا کے ذریعے عوام تک اپنی بات حقائق کے ساتھ پہنچانے والوں کا انتخاب علاقائی اور ریاستی سطح پر کیا جائے گا۔سَنگٹھن سرجن کے تحت جاری پروگرام کے دائرے میں اس تنظیمی عمل کو مکمل کیا جائے گا۔ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے اوڈیشہ، بہار، جھارکھنڈ اور بنگال کے لیے مقرر انچارج اے آئی سی سی کے ترجمان اتل لوڈھے پاٹل نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ایسی صلاحیت کی تلاش کرنا ہے جو ملک کے آئین، تمہید، ثقافت اور سیاست کی سمجھ رکھتا ہو۔ گزشتہ کافی عرصے سے بہت سے لوگ اپنے خیالات ملک کے ساتھ شیئر کرنا چاہتے ہیں، انہیں یہ پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیم میں آنے کا ذریعہ کوئی لیڈر نہ ہو بلکہ باصلاحیت لوگوں سے براہ راست مکالمہ کرکے انہیں تنظیم میں شامل کرنے کا ذریعہ اس پروگرام کو بنایا گیا ہے۔صلاحیتوں کی تلاش کے لیے پورے ملک کو چھ زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہم ہر اس شخص سے جڑنے کی کوشش کریں گے جو کانگریس سے جڑنا چاہتا ہے۔ پوری کارروائی شفاف ہوگی، جس میں این جی او، سول سوسائٹی اور میڈیا سے وابستہ لوگ بھی شامل ہوں گے۔مسٹر اتل پاٹل نے کہا کہ سرکاری نظام کا استعمال کرکے مرکزی حکومت اور بی جے پی میڈیا اور خاص طور پر سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ گٹھ بندھن آج کے وقت میں جمہوریت کو بچانے کی کوشش کرنے والی پارٹیوں کی یکجہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں بی جے پی سام، دام، دنڈ، بھیدسب کا استعمال کرکے غیر قانونی طریقے سے انتخابات جیتتی ہے۔ انتخابی کمیشن کی شفافیت پر آج سوال کھڑا ہے۔ جمہوری اداروں اور عمل کو کمزور کر دیا گیا ہے، اور لوگوں کا اعتماد انتخابی شفافیت سے اٹھنے لگا ہے۔پریس کانفرنس میں میڈیا انچارج راکیش سنہا، ستیش پول منجانی، لال کشور ناتھ شاہ دیو، سونال شانتی، کمل ٹھاکر اور گجیندر سنگھ بھی موجود تھے۔

Share This Article
Leave a comment