کولکاتہ، 15 ستمبر (یو این آئی) آپریشن سندور کے بعد پہلی بار مسلح افواج کے اعلیٰ فوجی کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بڑھتی عالمی غیر یقینی صورتحال اور ’نیو نارمل‘ کے درمیان کسی بھی غیر متوقع صورت حال سے نمٹنے کے لیے تینوں افواج میں اتحاد، خود انحصاری اور اختراع کے شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھنے پر زور دیا۔
مسٹر مودی نے پیر کے روز یہاں وجے دُرگ (سابقہ فورٹ ولیم) میں واقع فوج کے ایسٹرن کمانڈ ہیڈکوارٹر میں جوائنٹ کمانڈرز کی 16 ویں کانفرنس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے تین روزہ اجلاس کے پہلے دن اعلیٰ کمانڈروں سے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم نے تینوں افواج سے کہا کہ وہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں اور اس مقصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ باہمی اتحاد، خود انحصاری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اختراع پر زور دیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2025 کو دفاع کے شعبے میں ’اصلاحات کا سال‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزارت دفاع کو ہدایت دی کہ وہ تینوں افواج میں اتحاد کو فروغ دینے، خود انحصاری اور اختراع سے متعلق تمام پالیسیوں، منصوبوں اور اقدامات پر جلد از جلد عمل درآمد کرے ۔
آپریشن سندور کے بعد ہونے والی اس کانفرنس میں فوجی کمانڈروں نے وزیر اعظم کو ’نیو نارمل‘ کے تناظر میں افواج کی تیاریوں، جدید ٹیکنالوجی اور حکمت عملی کے حوالے سے مستقبل کے جنگی منظرناموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے گزشتہ دو سالوں میں کی گئی اصلاحات اور آنے والے دو سالوں کی منصوبہ بندی کا بھی جائزہ لیا۔
مسٹر مودی نے آپریشن سندور کی کامیابی کے علاوہ ملک کی تعمیر، بحری قزاقوں کے خلاف آپریشنز، دنیا کے مختلف ممالک میں تنازعات والے علاقوں سے ہندوستانی شہریوں کی محفوظ واپسی اور دوست ممالک کو انسانی اور قدرتی آفات سے متعلق امداد فراہم کرنے میں مسلح افواج کے اہم کردار کی بھی تعریف کی۔
کانفرنس میں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، دفاعی سکریٹری راجیش کمار سنگھ، تینوں افواج کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ فوجی و انتظامی افسران شرکت کرہے ہیں ۔
افواج ہر ممکن چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں: وزیر اعظم مودی
Leave a comment
Leave a comment