ممبئی: امریکی مرکزی بینک فیڈرل ریزرو کی طرف سے شرح سود میں کٹوتی سے جمعرات کو گھریلو اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی رہی اور اہم انڈیکس تقریباً ڈھائی ماہ کی بلند ترین سطح پر بند ہوئے۔
بی ایس ای کا 30 حصص پر مشتمل حساس انڈیکس سینسیکس 415.21 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 83108.92 پر کھلا اورآخر میں 320.25 پوائنٹس (0.39 فیصد) کے اضافے کے ساتھ 83013.96 پوائنٹس پر بند ہوا۔ یہ 83,141.21 کی اونچائی اور 82,704.92 کی کم ترین سطح تک گیا۔
نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) نفٹی 50 انڈیکس بھی 110.80 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 25441.05 پر کھلا اور آخر میں 93.35 پوائنٹس چڑھ کر 25423.60 پر بند ہوا۔ اس کی دن کی بلند ترین سطح25448.95 اورنچلی سطح 25329.75 رہی۔
فارما اور آئی ٹی سیکٹروں میں سب سے زیادہ تیزی رہی، جن کے کاروبار کا بڑا حصہ امریکہ سے منسلک ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو نے بدھ کو پالیسی سود کی شرح میں 0.25 فیصد کمی کا اعلان کیا۔ یہ پہلے ہی متوقع تھا۔ اس کے نتیجے میں، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں نے گزشتہ ہفتے سے ہی ہندوستانی بازار میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیا ہے۔ خریداری کے دم پر سینسیکس 10 جولائی کے بعد پہلی بار 83000 پوائنٹس سے اوپر بند ہوا ہے۔ نفٹی 50 بھی 9 جولائی کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ایچ ڈی ایف سی بینک، ایٹرنل، انفوسس، سن فارما، آئی ٹی سی، اور آئی سی آئی سی آئی بینک کے حصص میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا۔ ایٹرنل کا شیئر سب سے زیادہ 2.96 فیصد کی تیزی میں رہا۔ ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز، ہندوستان یونی لیور، اور پاور گرڈ کے حصص بھی مضبوط ہوئے۔
ٹاٹا موٹرز میں 1.13 فیصد کی سب سے بڑی کمی دیکھی گئی۔ ٹرینٹ، بجاج فائنانس، ایشین پینٹس، اور الٹرا ٹیک بھی ان آٹھ سینسیکس کمپنیوں میں شامل تھے جنہیں نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
بڑے پیمانے پر خریداری کے درمیان، نفٹی مڈ کیپ-50 انڈیکس میں 0.37 فیصد اور اسمال کیپ-100 انڈیکس میں 0.29 فیصد کا اضافہ ہوا۔ آئی ٹی اور فارما کے علاوہ ایف ایم سی جی، فنانشل سروسز، میٹلز، پرائیویٹ بینک اور کنزیومر ڈیو ایبل گروپس میں خریداری دیکھی گئی۔ دریں اثنا، عوامی شعبے کے بینکوں، تیل اور گیس، اور رئیلٹی گروپس میں فروخت کا زور رہا۔
بیرون ملک، ایشیائی منڈیوں میں جاپان کا نکئی 1.15 فیصد بڑھ کر بند ہوا۔ ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ 1.35 فیصد اور چین کے شنگھائی کمپوزٹ میں 1.15 فیصد کمی ہوئی۔ یورپی منڈیوں میں ابتدائی تجارت میں جرمنی کا ڈیکس 1.22 فیصد اور برٹین کا ایف ٹی ایس ای0.23 فیصد کی تیزی میں کاروبار کررہاتھا۔
فیڈ کی شرح سود میں کمی سے اسٹاک مارکیٹس میں رونق

Leave a comment
Leave a comment