رانچی میں سانسد کھیل مہوتسو 2025 کا سائیکلو تھون کے ساتھ شاندار آغاز

Aawami News Desk

رانچی، 21 ستمبر : سانسد کھیل مہوتسو 2025 کا افتتاح اتوار کی صبح جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے مورہا بادی گراؤنڈ میں ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کے ساتھ ہوا۔اس تقریب کی قیادت مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع اور رانچی کے ایم پی سنجے سیٹھ نے کی۔ کھیلوں کے شائقین اور ہزاروں نوجوانوں کی شرکت سے سائیکلوتھون کے ساتھ مہوتسو کا آغاز ہوا، جس کا بنیادی مقصد صحت مند نوجوانوں کو تیار کرنا اور ترقی یافتہ ہندوستان کے پیغام کو لوگوں تک پہنچاناہے ۔صبح 7 بجے مورہابادی گراؤنڈ میں ایک بڑا ہجوم جمع ہوا، جہاں سنجے سیٹھ اور سابق وزیر اعلیٰ رگھور داس نے مشترکہ طور پر تقریب کا جھنڈی دکھا کرآغاز کیا۔ مرکزی وزیر سنجے سیٹھ نے کہا، ”کھیل جسم کو فٹ اور معاشرے کو نظم و ضبط کا حامل بناتا ہے۔ اگر ہم ایک ترقی یافتہ ہندوستان بنانا چاہتے ہیں تو فٹنس کو ترجیح دینی ہوگی۔“مسٹر سیٹھ نے اسے صرف ایک کھیلوں کا ایونٹ نہیں بلکہ ایک تحریک بتایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان کا وژن ایک صحت مند ہندوستان کے بغیر نامکمل ہے۔
رگھوور داس نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نوجوانوں کو منشیات کی لت سے دور رکھنے اور ان میں مثبت توانائی پیدا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اسے نوجوانوں کے لیے ایک تحریک بتاتے ہوئے مسٹر داس نے کہا کہ کھیل ایک ایسا ذریعہ ہے جو نوجوانوں کو متحد کرتا ہے اور مثبت توانائی فراہم کرتا ہے۔ مسٹر داس نے امید ظاہر کی کہ سانسد کھیل مہوتسو جھارکھنڈ کی پہچان بنے گا۔سائکلوتھون کی ایک خاص بات کمانڈر گوری مشرا کی موجودگی تھی، جو ہندوستانی بحریہ کی ایک ریٹائرڈ افسرہیں۔ وہ ورلڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔ گوری مشرا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ”میرا خواب ہے کہ ہر گھر میں ایک سائیکل ہو، جب بچے اور نوجوان روزانہ سائیکل کریں گے تب ہی فٹ انڈیا کا خواب پورا ہو گا۔
اس تقریب میں اسکول اور کالج کے طلباء، کھیلوں کی تنظیموں کے اراکین، رضاکارانہ تنظیموں اور عام لوگوں نے جوش و خروش سے شرکت کی۔ سڑکوں پر موجود لوگوں نے سائیکل سواروں کا حوصلہ بڑھایا۔ اس سے صاف ظاہر ہوا کہ نوجوان اور عام لوگ کھیلوں اور صحت کے بارے میں شعور بیدار کرنا چاہتے ہیں۔سانسد کھیل مہوتسو کو قومی سطح تک پھیلانے کا منصوبہ ہے، جس میں مستقبل میں فٹ بال، کبڈی اور ایتھلیٹکس جیسے مزید مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ SansadKhelMahotsav.in پر آن لائن رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے۔

Share This Article
Leave a comment