گاندھی نگر: گجرات میں جمعہ کے روز بھوپندر پٹیل کابینہ کی از سر نو تشکیل کی گئی اور 25 وزراء نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا، ان میں 6 کابینہ درجے کے، 3 ریاستی وزیر(آزادانہ چارج) اور 12 دیگر ریاستی وزراء شامل ہیں، اب تک کابینی وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہرش سنگھوی کو نائب وزیر اعلیٰ بنایا گیا ہے، کابینہ میں کرکٹر رویندر جڈیجہ کی اہلیہ روابا جڈیجہ سمیت تین خواتین کو شامل کیا گیا ہے، گزشتہ کابینہ کے چھ وزراء کو دوبارہ شامل کیا گیا ہے، جبکہ 10 وزراء کو اس بار جگہ نہیں ملی۔مسٹر ارجن موڈواڈیا کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، جو کبھی ریاست میں کانگریس کے قد آور لیڈر رہے ہیں، انہوں نے 2024 میں کانگریس چھوڑ کر بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔گورنر آچاریہ دیوورت نے یہاں مہاتما مندر میں منعقدہ ایک تقریب میں وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ ریاست میں 2022 میں حکومت بننے کے بعد بھوپندر پٹیل کابینہ میں یہ پہلی توسیع کی گئی ہے، اس سے قبل کابینہ میں وزیر اعلیٰ سمیت 17 وزیر تھے، جن میں 8 کابینی وزیر اور 8 ریاستی وزیر شامل تھے۔کابینہ کے وزراء میں سروشری ہرش سنگھوی، جتیندر بھائی واگھانی، نریش بھائی پٹیل، ارجن بھائی موڈھواڈیا، ڈاکٹر پردیومنا بھائی واجا، اور رمن بھائی سولنکی شامل ہیں۔ سروشری ایشور سنگھ پٹیل، پرفل بھائی پنسیریا، اور منیشا وکیل نے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) کے طور پر حلف لیا ہے۔ سروشری کانتی لال امرتیا، رمیش بھائی کٹارا، درشنا بین واگھیلا، کوشک بھائی ویکاریا، پروین کمار مانی، ڈاکٹر جے رام بھائی گامیت، تریکم بھائی چھانگا، کملیش بھائی پٹیل، سنجے سنگھ مہیدا، پی سی۔ برنڈا، سوروپ جی ٹھاکر، اور محترمہ روابا جڈیجہ نے وزیر مملکت کے طور پر حلف لیا ہے۔
شری کنو بھائی دیسائی، رشیکیش بھائی پٹیل، کنورجی بھائی باولیا، اور ریاستی وزیر پرشوتم بھائی سولنکی کو نئی وزارتی کونسل میں برقرار رکھا گیا ہے۔بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود جگت پرکاش نڈا، گجرات ریاستی بی جے پی کے صدر جگدیش وشوکرما، مرکزی وزراء منسکھ مانڈویہ، سی آر پاٹل، ارکان پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، تنظیم کے عہدیداران، سینئر لیڈران، سادھو سنت اور سماج کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے قائدین، ایڈیشنل چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل آف پولیس اور کارکنان کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔قابلِ ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کو چھوڑ کر باقی تمام 16 وزراء نے جمعرات کے روز کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
گجرات کابینہ میں توسیع: 25 وزراء نے حلف لیا
Leave a comment
Leave a comment


