جھارکھنڈ میں ٹھنڈی ہوا سے بڑھی گلابی سردی، رانچی کا درجہ حرارت کم ہونے لگا

Aawami News Desk

رانچی: جھارکھنڈ میں صبح کی ٹھنڈی ہوا کے ساتھ شام کے وقت کپکپی طاری کرنے والی سرد ہوا نے موسم کو مزید سرد بنا دیا ہے۔ ریاستی دارالحکومت رانچی میں جیسے جیسے شام ڈھلتی ہے، لوگ سوئٹر، جیکٹ اور دیگر اونی ملبوسات پہنے ہوئے نظر آنے لگے ہیں۔ دن میں تیز دھوپ کے باوجود شام کی ٹھنڈی ہوا سردی کا احساس دلاتی ہے۔رانچی موسمیات مرکز کے مطابق، آئندہ چند دن یعنی 8 نومبر تک سرد وگرم کی یہ کیفیت برقرار رہے گی۔ اس کے بعد 9 نومبر سے سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ ٔ موسمیات نے بتایا ہے کہ آئندہ2 سے 3 دنوں میں پوری ریاست کا درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے، جس میں رانچی کا کم از کم درجہ حرارت 15 ڈگری سیلسیس سے نیچے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سیلسیس سے نیچے جا سکتا ہے۔ اس سردی کو ریاست کے تمام اضلاع میں محسوس کیا جائے گا۔موسمیات مرکز نے بتایا کہ آنے والے چند ایام میں صبح کے وقت ہلکے سے درمیانے درجے کا کہرا چھایا رہے گا، جس سے گاڑیوں کی آمد و رفت میں کچھ دشواری ہو سکتی ہے۔ تاہم دن کے وقت موسم خشک اور صاف رہے گا اور آسمان میں بادل نہیں ہوں گے۔ فی الحال بارش کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ ماہرین موسمیات کے مطابق ہوا کا رخ اب شمال کی جانب ہو گیا ہے، جو جھارکھنڈ میں سردی کے آغاز کا ابتدائی اشارہ سمجھا جاتا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں جھارکھنڈ میں موسم صاف اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت سرائے کیلا میں 32.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو پوری ریاست میں سب سے زیادہ رہا۔ جبکہ سب سے سرد مقام لاتیہار رہا، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 15.8 ڈگری سیلسیس درج ہوا۔ ایسے میں محکمہ موسمیات نے جھارکھنڈ کے عوام کو آئندہ دنوں میں سردی کے لیے تیار رہنے اور اپنی صحت و حفاظت کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

Share This Article
Leave a comment