رانچی: جھارکھنڈ کے ضلع دھنباد کے واسع پور، پانڈرپالا، رحمت گنج اور قرب و جوار میں منگل کی صبح پولیس نے بڑے پیمانے پر چھاپے مارے ، اور مجرموں کے نیٹ ورک پر شکنجہ کسا۔سٹی ایس پی اور دیہی ایس پی کی قیادت میں آج صبح سے درجنوں ٹیمیں بکتر بند گاڑیوں اور سکیورٹی فورس کے ساتھ سرگرم ہو گئیں، ایس ایس پی سنجیو کمار کی ہدایت پر چلائی گئی اس کارروائی کو مکمل طور پر خفیہ رکھا گیا تھا۔ پولیس نے ایک کے بعد ایک کئی گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا، واسع پور کے لالہ ٹولہ علاقے سے محمد سمیع اور توفیق کو گرفتار کیا گیا، اس کے علاوہ کرمی ڈیہہ علاقے میں پولیس نے کشن خان کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جو پرنس خان کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے، بینک موڑ تھانہ علاقے کے کباڑی پٹی کے باشندہ فہیم خان کے بھائی پرویز کے مکان پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا، یہ چھاپے ماری بدنام زمانہ مجرم پرنس خان گینگ کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔یہ گروہ گزشتہ کئی برسوں سے بھتہ خوری، دھمکی، فائرنگ اور قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔ حال ہی میں گرفتار کیے گئے گینگسٹر بھانو مانجھی سے تفتیش کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی، جس میں بھانو نے گینگ کے پورے نیٹ ورک کے بارے میں اہم معلومات پولیس کو فراہم کی تھیں، ایس ایس پی سنجیو کمار نے آج کہا کہ پولیس کسی بھی صورت میں مجرموں کو نہیں بخشے گی۔انہوں نے بتایا کہ واسع پور، آرا موڑ اور پانڈرپالا علاقوں میں اضافی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے اور کئی مشتبہ افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جس کی گرفتاری کے لیے تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جلد ہی گینگ کے تمام سرگرم ارکان کو گرفتار کر لیا جائے گا، تاکہ ضلع میں جرائم کا خاتمہ کیا جاسکے اور کاروباری ماحول محفوظ بنایا جا سکے۔ چھاپے کے بعد واسع پور اور آس پاس کے علاقوں میں سنّاٹا چھا گیا ہے، جبکہ پولیس مسلسل گشت کرکے قانونی نظم و نسق قائم رکھنے میں مصروف ہے۔


