رانچی: جھارکھنڈ ریاست کے قیام کی سلور جوبلی اور جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے قیام کے 25 سال مکمل ہونے کے پیش نظر راجدھانی رانچی میں سکیورٹی اور نظم ونسق کو برقرار رکھنے کے لیے رانچی پولیس نے تمام چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔رانچی کے ایس ایس پی راکیش رنجن نے آج حکم جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 11 سے 16 نومبر تک تمام پولیس اہلکاروں اور افسروں کی چھٹیاں فوری اثر سے منسوخ رہیں گی۔ صرف خصوصی حالات میں ہی چھٹی دی جائے گی اور پہلے سے منظور شدہ چھٹی کے لیے بھی از سرِ نو اجازت لینا ضروری ہوگا۔حکم کے مطابق اس دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی جائے گی تاکہ سکیورٹی انتظامات کومو ثر طور پر یقینی بنایا جا سکے۔ تمام تھانہ او پی، شاخ انچارج، سنیئر اٹینڈنٹ افسران اور متعلقہ ڈی ایس پی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں سے فورارابطہ کریں اور انہیں 10 نومبر تک اپنے ڈیوٹی مقام پر حاضر ہونے کی ہدایت دیں۔ ساتھ ہی اس سلسلے میں رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔یہ فیصلہ جھارکھنڈ یومِ تاسیس اور ہائی کورٹ کی سلور جوبلی تقریبات کو کامیاب بنانے اور سکیورٹی انتظامات کو پوری طرح مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ پولیس انتظامیہ نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے سبب یہ ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔


