رانچی /کانکے؛آج تحفظِ ائمہ و مساجد و مؤذنین کے ایک نمائندہ وفد نے کانکے کے معزز رکن اسمبلی عالی جناب سریش کمار بیٹھا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات نہایت خوشگوار، سنجیدہ اور خلوص و محبت کے ماحول میں انجام پائی۔وفد کی قیادت تنظیم کے صدر حضرت مولانا مفتی عبدالحسیب صاحب دامت برکاتہم نے کی۔ ان کے ہمراہ معروف عالمِ دین مولانا معراج اشرف ندوی صاحب، تنظیم کے سرگرم رکن قاری ثناء اللہ صاحب اور دیگر اراکین شریک تھے۔ملاقات کے دوران علاقہ کے ائمہ، مساجد اور مؤذنین کے مسائل، ان کے حقوق اور تنظیمی خدمات کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔اس موقع پر رکن اسمبلی سریش کمار بیٹھا نے کہا کہ وہ دینی و سماجی خدمات انجام دینے والے ائمہ و مؤذنین کے ساتھ ہیں اور ان کے ہر جائز مطالبے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔مولانا معراج اشرف ندوی صاحب نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا،رکن اسمبلی سریش کمار بیٹھا کے بارے میں ہم نے بہت کچھ سنا تھا، آج پہلی ملاقات میں ان کی خلوص و محبت دیکھ کر دل خوشی سے بھر گیا۔ وہ نہایت خلیق، عوام دوست اور دردِ دل رکھنے والے شخص ہیں۔ ہمارے احترام میں اپنے مصروف وقت سے وقت نکالا اور بے حد محبت و شفقت سے پیش آئے۔ انہوں نے مزید کہارکن اسمبلی صاحب نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان شاء اللہ بہت جلد تفصیلی نشست ہوگی اور تحفظِ ائمہ و مساجد و مؤذنین کے مشن کو آگے بڑھانے میں وہ بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔


