رانچی: سابق وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کے مجسمے اور راجدھانی رانچی کی سیٹلائٹ کالونی میں واقع نہرو چلڈرن پارک میں بد نظمی پر کانگریس کارکنوں نے سخت غصے کا اظہار کیا۔کانگریس کے سینئرلیڈر ششی بھوشن رائے نے کہا کہ مرکزی حکومت اور پبلک سیکٹر کمپنیاں اس شخص کے مجسمے اور پارک کی دیکھ بھال پر توجہ نہیں دے رہی ہیں جس نے آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی اور جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔اس موقع پر کانگریس کارکنوں نے پارک کی صفائی اور مجسمہ کو پینٹ کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کیا اور احتراماً نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی بھوشن رائے، جگدیش ساہو، نرنجن پاسوان، جگن ناتھ ساہو، بلاک صدر پرشانت گورو،محمد مجیب، بپی سنگھ، وکاس سنگھ، روی گوسوامی، نتیش ترکی، مہیش رائے، وویک سنگھ، امیت کمار، بھرت کمار، امر سنگھ، کرن نائک اور دیگر کارکنوں نے ذاتی طور پر صفائی ستھرائی کا کام کیا۔کانگریس کارکنوں نے کہا کہ وہ اپنے لیڈر کے مجسمے اور پارک کی دیکھ بھال کی ذمہ داری خود لیتے ہیں اور اسے صاف ستھرا اور خوبصورت رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پارک کی دیکھ بھال کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ حرکتیں برداشت نہیں کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک کی تاریخ کو مٹانے کی سازش میں مصروف ہے اور اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے لیکن اسے کبھی بھی مکمل کامیابی نہیں ملے گی۔


