243 سیٹوں میں 200 سے زائد سیٹیں این ڈی اے کے کھاتے میں، مہاگٹھبندھن کی کراری شکست
پٹنہ (ایجنسی)بہار کے انتخابات میں این ڈی اے کی زبردست آندھی چلی ہے اور اتحاد نے 200 سے زیادہ نشستوں پر جیت درج کی ہے۔ دوسری طرف مہاگٹھبندھن کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ محض 35 نشستوں کے آس پاس ہی محدود ہو گیا ہے۔ یہاں کانگریس صرف 6 نشستیں جیت پائی ہے، وی آئی پی پارٹی کا کھاتہ تک نہیں کھل سکا، جبکہ آر جے ڈی، سب سے زیادہ نشستوں پر امیدوار اتارنے کے باوجود، صرف 25 نشستوں پر ہی کامیابی حاصل کر سکی ہے۔این ڈی اے خیمے کی بات کریں تو اتحاد کے تمام ساتھیوں نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ بی جے پی 90 نشستوں پر، جے ڈی یو 84 نشستوں پر اور چیراغ پاسوان کی پارٹی 19 نشستوں پر آگے ہے۔ دیگر اتحادی جماعتوں نے بھی بہترین اسٹرائیک ریٹ دکھایا ہے۔اس غیر متوقع اور بھاری جیت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے زبردست خطاب کیا۔ انہوں نے دہلی میں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بہار کی عوام کے جذبے اور حمایت پر ان کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے بہاری انداز میں گمچھا لہرایا اور بہار کے لوگوں کو پیغام دینے کی کوشش کی۔ اس کے بعد انہوں نے کارکنوں سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، بہار کے لوگوں نے آج تاریخ رقم کردی ہے۔ آج ہر گھر میں مکھن کھیر بنے گی۔” وزیراعظم نے ووٹ چوری کے الزامات کا بھی جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی محنت سے لوگوں کے دل چرائے ہیں۔پی ایم مودی نے کانگریس پر طنز کرتے ہوئے کہا، “آج منتخب ہونے والے بی جے پی ایم ایل ایز کی تعداد پچھلے چھ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیتی ہوئی سیٹوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔ کانگریس کا واحد مقصد منفی سیاست کرنا ہے۔” کبھی چوکیدار چور، کبھی ووٹ چوری، ای وی ایم پر سوالات، ملک کے بجائے ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا… کانگریس کے پاس ملک کے لیے کوئی مثبت وژن نہیں ہے۔ آج کانگریس مسلم لیگ ماؤسٹ کانگریس (MMC) بن چکی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، “آج تک کانگریس اور آر جے ڈی نے چھٹی مئیا سے معافی نہیں مانگی ہے۔ بہار کے لوگ اسے کبھی نہیں بھولیں گے۔ بہار کی عزت اور وقار ہماری اولین ترجیح ہے۔ بہار کے لوگوں نے ہندوستان کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے، لیکن جن لوگوں نے کئی دہائیوں تک ملک پر حکمرانی کی ہے، انھوں نے ہمیشہ بہار کو بدنام کیا ہے ۔ بہار کے لوگوں نے بہار کے قابل فخر تاریخ اور ورثے کی حفاظت کی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، “آج ملک ترقی کی راہ پر آگے بڑھ رہا ہے، اور اسے روکا نہیں جا سکتا۔ وہ بڑی بے شرمی سے کہتے تھے کہ بہار کو قومی شاہراہوں کی ضرورت نہیں ہے، لیکن اب عوام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ترقی چاہتے ہیں، خاندانی سیاست نہیں، انہوں نے بہار کو بدنام کیا، بہار کی ثقافت کی عزت بڑھانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بہار نے یقینی بنایا ہے کہ جنگل راج کبھی واپس نہیں آئے گا۔


