جھارکھنڈ میں جاری ہے تیز سردی کی لہرجاری،ٹھنڈ سے بچاؤ کیلئے احتیاط برتیں: محکمۂ موسمیات

Aawami News Desk

رانچی: جھارکھنڈ کے کئی اضلاع میں پہاڑوں سے آنے والی شمالی تیز سرد ہواؤں نے موسم کو اچانک مزید سرد کر دیا ہے۔رانچی کے میکلسکی گنج میں درجہ حرارت 6 ڈگری سیلسیس تک گر گیا ہے، جو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت مانا جا رہا ہے۔ گملا میں بھی کم سے کم درجہ حرارت 6.2 ڈگری درج کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست کے کئی اضلاع میں درجہ حرارت میں تقریباً 7 ڈگری تک کمی آئی ہے، جس کی وجہ سے غریب، بزرگ اور بچوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔محکمہ موسمیات نے رانچی، رام گڑھ، بوکارو، گڑھوا، پلامو، چترا، ہزاری باغ، لاتیہار، لوہر دگا، گملا، کھونٹی اورسمڈیگا اضلاع میں سردی کی لہر کے امکان کو دیکھتے ہوئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ ان علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی زیادہ سخت رہے گی، جبکہ دن کے دوران ہلکی دھوپ کے سبب موسم خشک رہے گا۔ رانچی کا کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سے کم ہو کر تقریباً 9 ڈگری کے آس پاس رہنے کی توقع ہے۔
ریاست کے دیگر اضلاع میں ڈالٹن گنج 9.1 ڈگری، بوکارو 9.6 ڈگری، ہزاری باغ 9.3 ڈگری، لوہر دگا 8.6 ڈگری، کھونٹی 7.7 ڈگری اورسمڈیگا 8 ڈگری تک درجہ حرارت پہنچ گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بوکارو میں 7 ڈگری، گملا میں 6.2 ڈگری، ڈالٹن گنج میں 6 ڈگری اور جمشید پور میں 4 ڈگری کی کمی درج کی گئی ہے۔ڈاکٹروں نے لوگوں سے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور مر یضوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے گرم کپڑے پہننے اور صبح و شام باہر نکلتے وقت احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ شدید سردی صحت کو متاثر کر سکتی ہے، اس لیے الاؤ یا ہیٹر کا استعمال کرنے اور غذائیت سے بھرپور خوراک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے آئندہ 24 گھنٹوں میں سردی کے مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پوری ریاست میں سرد ہواؤں کی رفتار برقرار رہے گی، جس سے سردی کی شدت میں اور اضافہ ہو جائے گا۔ ایسے میں لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے مناسب تیاری رکھیں۔

Share This Article
Leave a comment