مدینہ منورہ، 17 نومبر (یو این آئی) ہندوستان سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین کی بس آئل ٹینکر سے ٹکرانے کے نتیجے میں 45 افراد جاں بحق ہوگئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حرمین شریفین کے قریب مدینہ میں پیش آنے والے ایک افسوسناک بس حادثے میں ہندوستانی زائرین شامل تھے۔وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا ’ مدینہ میں ہندوستانی شہریوں سے متعلق حادثے پر بہت افسوس ہے، میری دعائیں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں، ریاض میں ہمارا سفارتخانہ اور جدہ میں قونصلیٹ ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بس میں تقریباً 45 سے 46 افراد سوار تھے جن کا تعلق ہندوستانی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد سے تھا اور ان عمرہ زائرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، حادثے کے نتیجے میں تمام افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 1.30 بجے مہراس یا مفریحات علاقہ میں پیش آیا، جو مدینہ کے قریب ہے۔ حادثہ کے وقت کئی عمرہ زائرین نیند کی آغوش میں تھے۔ ٹکر لگتے ہی بس آگ کی لپٹوں میں پھنس گئی اور لوگوں کو بچنے کا بھی وقت نہیں ملا۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ مہلوکین کی شناخت کرنا بھی مشکل ہے۔حیدر آباد پولیس کمشنر نے اس حادثہ کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 45 لوگ ہلاک ہوئے ہیں، اور مہلوکین میں بیشتر حیدر آباد کے باشندے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حیدر آباد پولیس کمشنر نے مطلع کیا کہ گزشتہ 9 نومبر کو حیدر آباد سے 54 لوگ عمرہ کے لیے جدہ گئے تھے۔ یہ سبھی 23 نومبر کو واپس آنے والے تھے۔ ان 54 میں سے 4 افراد بذریعہ کار مکہ سے مدینہ جا رہے تھے، اور 4 دیگر لوگ مکہ میں ہی رک گئے تھے۔ باقی لوگ حادثہ کا شکار ہوئی بس میں سفر کر رہے تھے۔ حادثہ کے وقت بس میں 46 لوگ سوار تھے، جن میں سے صرف ایک شخص زندہ بچا ہے، جس کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
45ہندوستانی عمرہ زائرین جاں بحق
Leave a comment
Leave a comment


