چائباسا: جھارکھنڈ کی انچارج ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) تداشا مشرا نے بدھ کے روز مغربی سنگھ بھوم ضلع کے چائباسا میں نکسل مخالف آپریشن کا جائزہ لیا۔انچارج ڈی جی پی کے استقبال کے لیے ٹاٹا کالج میدان میں پولیس فورس کی جانب سے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس کے بعد وہ نکسل سے متاثرہ علاقوں میں سکیورٹی انتظامات اور جاری آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے روانہ ہو گئیں۔انچارج ڈی جی پی نے سارنڈا اور کولہان پوڑاہاٹ کے جنگلی علاقوں میں جاری نکسل مخالف کارروائیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سی آر پی ایف اور ضلع پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ اجلاس کیا، جس میں آپریشن کی موجودہ صورت حال، اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں فورسز کی تعیناتی، ضروری وسائل کی دستیابی، خفیہ اطلاعات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور و فکر ہوا۔جائزہ اجلاس میں آئی جی آپریشن مائیکل راج سمیت دیگر سینئرافسران بھی موجود تھے۔


