کولکاتا،یکم،اکتوبر:کولکاتا میں پولس نے ایک شخص کو انگلینڈ کے کسی بینک کے کھاتوں سے تقریبا سات کروڑ روپئے دھوکہ دہی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔بدھ کی رات پولس ٹیم نے گرفتار ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور تقریبا 6 کروڑ 95 لاکھ روپے نقد برآمد بھی کرلئے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اگست میں کولکاتا پولس کے محکمہ خفیہ نے شیکسپیئر سرانی پولس اسٹیشن میں بینک فراڈ کا مقدمہ درج کیا تھا۔اس کیس کی تفتیش کے دوران پولس کو بہالہ کے رہائشی گوراو ستوانی کے بارے میں اطلاع ملی۔ ٹھوس معلومات کے بعد پولس نے بدھ کی رات اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 6 کروڑ 95 لاکھ روپے ضبط کرلئے۔ پولس نے گوراو کو گرفتار کیا اور اسے تھانے لایا اور اس کے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلوم کرنے کےلئے اس سے باز پرس کی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کولکاتا میں بیٹھ کر وہ انگریزوں کے کھاتوں کو ہیک کرتا تھا اور بعد میں ان سے رقم نکال لیتا تھا۔ پولس اس معاملے کی کافی گہرائی سے تحقیقات کر رہی ہے۔ امید ہے اس کیس میں مزید کچھ لوگوں کی گرفتاری جلد ہوسکتی ہے۔
Comments are closed.