Take a fresh look at your lifestyle.

امفان: ایک لاکھ افراد محفوظ مقام پر منتقل :جاوید احمد خان نابنو میں ریاستی ایمرجنسی آپریشن سنٹرکا قیام‘چیف سکریٹری کی خصوصی نگرانی

کولکاتا19مئی: مغربی بنگال حکومت نے ساحلی علاقوں سے ایک لاکھ آدمی کو ہٹا لیا ہے نیز مزید ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو شفٹ کرنے کا کام جاری ہے۔ منگل کے روز ریاستی وزیر جاوید احمد خان نے بتایا کہ طوفان آمفان بنگال کے ساحلی علاقوں میں بھاری تباہی مچا سکتا ہے۔ریاستی حکومت نے ساحلی اضلاع مشرقی مدنا پور ،شمالی 24پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ بشمول سندربن میں ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔ ریاستی وزیر برائے قدرتی آفات جاوید احمد خان نے مزید بتایا کہ ہم لوگ پہلے ہی ایک لاکھ افراد کو شفٹ کرچکے ہیں ۔منگل کی رات تک ڈیڑھ لاکھ افراد اور بھی ہٹائے جائیں گے۔نقل مکانی کے بعد مذکورہ افراد کو اسکولوں اور کالجوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ہم طوفان ’فانی‘ اور ’بلبل‘ سے نمٹ چکے ہیں ۔اس سے ہمیں خاصا تجربہ حاصل ہوا ہے جس کا استعمال یہاں کیا جائے گا۔
حکومت نے کوویڈ19 کے پیش نظراسٹیٹ ڈساسٹر ریلیف فورس جنہیں متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے ‘ دو لاکھ سے بھی زیادہ ماسک اور پی پی ای کٹ تقسیم کئے ہیں۔ڈساسٹر منجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ تقریباً4000 ایس ڈی آر ایف اہل کار ممکنہ متاثرہ علاقوں کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔تمام ماہی گیروں کو آئندہ دو دنوں تک سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے اور جو ماہی گیر سمندر جاچکے ہیں انہیں واپس آجانے کی اپیل کی گئی ہے۔ساحلی علاقوں میں راحتی سامان‘ خشک خوراک اور تارپولین تقسیم کردیئے گئے ہیں۔افسر نے بتایا کہ ہم لوگ ہر طرح کی تباہی سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔حالات کو مانیٹر کرنے کے لئے خصوصی مانیٹرنگ روم بنائے گئے ہیں۔پبلک اڈریس سسٹم کے ذریعے ہم لوگوں کو بھی بیدار کر رہے ہیں۔تربیت یافتہ سول ڈیفنس رضاکار، شیفٹی گیئر کے ساتھ خصوصی گاڑیاں اضلاع بھیج دی گئی ہیں۔ریاستی سکریٹریٹ میں ریاستی ایمرجنسی آپریشن سنٹر قائم کیا گیا ہے۔اس کی یونٹ اضلاع میں بھی قائم کی گئی ہیں جہاں سے آپریشن کی نگرانی کی جائے گی۔این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف اہل کاروںکے ساتھ فائر سروس ٹیمیں بھی اضلاع میں اپنی پوزیشن سنبھال چکی ہیں۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس سے قبل کہا تھا کہ طوفان سے نمٹنے کے لئے این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں تیار ہیں۔چیف سکریٹری راجیو سنہا ، ہوم سکریٹری الاپن بنرجی اور سکریٹری قدرتی آفات پورے حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔بنگال کے دیگھا میں بدھ کی سہ پہر طوفان کے تباہی مچانے کا امکان ہے۔بنگلہ دیش میں بھی اس کے اثرات پڑیں گے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments are closed.