کوچ بہار ،8،مئی: مغربی بنگال کے کوچ بہار میں نشے میں دھت ایک باپ نے اپنی پانچ ماہ کی معصوم بیٹی کو تیز دھار ہتھیار سے حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ واقعے کے بعد مشتعل لوگوں نے والد کو پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ اس کی ماں بیٹی کو بچانے کی کوشش کے دوران زخمی ہوگئی۔ وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ضلع کوچ بہار میں دن ہاٹا کے بڑا نچینا گھاٹ پیڈ علاقے میں جمعہ کی صبح اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید تناو¿ پایا جارہا ہے۔ دن ہاٹا تھانہ ذرائع کے مطابق گھاٹ پیڈ کے علاقہ کے رہائشی کرشنا برمن نے آج صبح اپنی پانچ ماہ کی معصوم بیٹی پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا اور اسے ہلاک کردیا۔ اسے روکنے کےلئے جب ماں آگے بڑھی تو ملزم نے اپنی بیوی پربھی تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا اور اسے زخمی کردیا۔ ماں کی چیخ سن کر آس پاس کے لوگ وہاں پہنچ گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ اس شرابی شخص نے تیز دھار ہتھیار سے مقامی لوگوں پر حملہ کرنا شروع کردیا۔ اس کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے ملزم کو پکڑ لیا اور اسے مارنا شروع کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی دن ہاٹاتھانہ کی پولس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال پر قابو پانا شروع کردیا۔ پولس نے زخمی ماں کو دن ہاٹامحکمہ اسپتال میں داخل کرایا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پانچ ماہ کی معصوم موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ جبکہ اس کے والد کا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ دوسری جانب متوفی کی والدہ کو تشویشناک حالت میں کوچ بہار گورنمنٹ میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
Comments are closed.