کولکاتا،30جولائی:دارالحکومت کولکاتا سمیت ریاست بھر میں لگاتار بارش کے باوجود درجہ حرارت میں اضافے کا عمل بھی جاری ہے۔ نیز محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ شمالی بنگال میں شدید بارش ہوگی۔جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی بنگال میں 200 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔ کولکاتا کے ساتھ ہی ہوڑہ ہگلی ، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ ، مشرقی اور مغربی میدنی پور ، پورولیا ، بانکوڑہ وغیرہ علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔دو دن قبل ریاست میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے تھے۔ لہٰذا محکمہ موسمیات نے مشورہ دیا ہے کہ بلا وجہ گھر سے باہر نہ نکلنے۔ دارالحکومت کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 25.7 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو عام دنوںسے ایک ڈگری کم ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.5 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جو عام سے دو ڈگری زیادہ ہے۔محکمہ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ تین دن تک شمالی بنگال کے اضلاع یعنی دارجیلنگ کالمپونگ ، جلپائی گوڑی اور کوچ بہار میں تیز بارش ہوگی جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔مسلسل بارش کی وجہ سے ، شمالی بنگال میں پہلے ہی سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ اب محکمہ موسمیات کی پیش گوئی نے وہاں کے باشندوں کے لئے مزید تشویش پیدا کردی ہے۔
Comments are closed.