کولکاتا،3،ستمبر:کس دن سے میٹرو ریل میٹروپولیٹن میں چلے گی یہ فیصلہ تاحال نہیں ہوا ہے۔جمعرات کے دن بھی میٹرو ریل کے حکام اور ریاستی انتظامیہ کے مابین ہونے والی میٹنگ میں فی الحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ ابھی بھی سوال یہ ہے کہ میٹرو چلانے پر بھیڑ کو کیسے کنٹرول کیا جائے گا۔موصولہ اطلاع کے مطابق جمعہ کو میٹرو ریل اور ریاستی انتظامیہ کے عہدیداروں کے درمیان ایک بار پھر میٹنگ ہوگی جس میں طے کیا جانا ہے کہ میٹرو چلانے سے ہجوم کو کس طرح قابو کیا جائے گا۔یہ میٹنگ میٹرو بھون میں ہوگی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے عہدیدار شریک ہوں گے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ہونے والی اس میٹنگ میں ریاستی انتظامیہ کی جانب سے متعدد تجاویز پیش کی گئیں ہیں۔ بنیادی طور پر اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے کہ ہجوم کو کیسے کنٹرول کیا جائے گا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ریاستی سکریٹریٹ نبانوں میں منعقدہ میٹنگ میں حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔تاہم ایسے اشارے ملے ہیں کہ میٹرو 14 یا 15 ستمبر تک چل سکتی ہے۔ میٹرو ہفتے میں 6 دن صبح 8 سے شام 8 بجے تک چل سکتی ہے۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ امور کے حکم کے تحت بات چیت ہو رہی ہے کہ میٹرو سروسز تسلسل کے ساتھ 7 ستمبر سے دوبارہ شروع کی جائیں گی۔اس کےلئے ایس او پی کے رہنما خطوط وزارت ہاو¿سنگ اینڈ اربن افیئر نے تیار کیا تھا جس پر وزارت داخلہ نے اتفاق کیا ہے۔
Comments are closed.