کولکاتا،12،ستمبر:کولکاتا میٹرو جسے دارالحکومت کولکاتا کی لائف لائن کہا جاتا ہے 14 ستمبر یعنی سوموار سے باقاعدہ خدمات شروع ہو جائے گی۔میٹرو ریلوے کے چیف تعلقات عامہ کے افسر اندرانی بنرجی نے سنیچر کی شام کو اس بارے میں معلومات دی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو سروس صبح 8 بجے سے سوموار کو شروع ہوگی جو شام سات بجے تک چلے گی۔کل 110 میٹرو ٹرینیں نواپاڑہ سے کوی سبھاش کے درمیان چلیں گی۔ ان میں سے 55 اپ اور 55 ڈاون چلیں گے۔ اندرانی بنرجی نے کہا کہ میٹرو ہر 10 منٹ کے وقفے سے چلے گی۔ انہوں نے بتایا کہ مسافروں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر اسٹیشن پر سینیٹیائزر لگائے گئے ہیں اور مسافروں کی حفاظت کےلئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ آر پی ایف اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ ٹرینوں کے اندر جسمانی فاصلے کے اصولوں کی پیروی کی جائے گی اور ان اصولوں کی تعمیل نہ کرنے والے مسافروں کے خلاف بھی کارروائی کا بندوبست کیا گیا ہے۔ 110 میٹرو ٹرینیں سوموار سے سنیچر تک روزانہ چلے گی جبکہ اتوار کو صرف 72 ٹرینیں چلیں گی کیونکہ اس دن چھٹی ہے۔اس دن 36 ٹرین اپ اور 36 ڈاون چلیں گی۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وبائی مرض کی وجہ سے میٹرو ٹرین کی سروس مارچ سے ہی بند کردیا گیا تھا جسے اب ریاستی حکومت کی درخواست پر شروع کیا جارہا ہے۔تاہم مرکزی حکومت نے 7 ستمبر سے میٹرو خدمات شروع کرنے کی اجازت دے دی تھی۔
Comments are closed.