کولکاتا،4اگست:مغربی بنگال میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔منگل کے روز علی پور میں محکمہ موسمیات کے علاقائی ہیڈ کوارٹر کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی بنگال کے علاقے میں دو دن تک موسلا دھار بارش ہوگی۔ بارش سوموار کی رات ہی سے شروع ہوئی تھی جو منگل کی صبح تک جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمالی بنگال کے جلپائی گوڑی ، دارجلنگ ، کالمپونگ ، علی پوردووار اور کوچ بہار میں 300 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔یہاں پہلے سے ہی برساتی پانی جمع ہونے کی صورتحال ہے جس کی وجہ سے توقع ہے کہ صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔لہٰذا ریاستی حکومت نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو چوکس رہنے کو کہا ہے۔ نیز مقامی انتظامیہ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت کولکاتا کے ساتھ ساتھ ہوڑہ ، ہگلی ، شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ ، ندیا ، برہمپور ، مشرقی اور مغربی مدنی پور اضلاع میں بھی بھاری بارش ہوگی۔ماہی گیروں کو سمندرمیں جانے کی اجازت نہیں ہے۔بتایا گیا ہے کہ منگل کو دارالحکومت کولکاتا میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگا۔
Comments are closed.