Take a fresh look at your lifestyle.

آٹھ ممبران پارلیمنٹ کو معطل کرنے کولیکر وزیر اعلیٰ کا مرکزپرتنقید

کولکاتا،21،ستمبر: اتوار کے روز راجیہ سبھا میں زرعی بلوں پر بحث کے دوران جو کچھ بھی ہوا وہ ملک سے پوشیدہ نہیں ہے ، جس کے بعد اسپیکر ایم وینکیا نائیڈو نے بقیہ اجلاس کےلئے اپوزیشن کے 8 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کردیا۔ معطل ممبران پارلیمان میں کانگریس سے تین ، ترنمول کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کے دو اور عام آدمی پارٹی کے ایک ممبر شامل ہیں۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ممبران پارلیمنٹ کی معطلی کو لیکر مرکزی حکومت کو سخت نشانہ بنایا۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے جمہوری اصولوں کا احترام نہیں کیا ہے۔ مرکزی حکومت بل کو پاس کرانے کےلئے من مانی کررہی ہے۔ ہم پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک مرکزی حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوموار کو ٹویٹ کیا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کےلئے لڑنے والے 8 ممبران پارلیمنٹ کی معطلی بدقسمتی ہے۔ اس سے جمہوری حکومت کی ذہنیت کی عکاسی ہوتی ہے کہ وہ جمہوری اصولوں کا احترام نہیں کرتی ہے۔ ہم باز نہیں آئیں گے ، ہم اس فاشسٹ حکومت کے خلاف پارلیمنٹ سے لے کر سڑکوں تک احتجاج جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین نے جیسے ہی سوموار کو ایوان آئے تو کہا کہ کل راجیہ سبھا کےلئے بہت برا دن تھا کیونکہ کچھ اراکین ایوان کی قریب چلے آئے تھے۔ جس سے ڈپٹی چیئرمین مشتعل ہوگئے۔ انہیں اپنا کام کرنے سے روکا گیا ۔ یہ بہت ہی بدقسمتی اور قابل مذمت فعل ہے۔ میں اراکین پارلیمنٹ کو مشورہ دیتا ہوں کہ براہ کرم تھوڑا سا صبروضبط کا مظاہرہ کریں۔ غور کرنے کی بات یہ ہے کہ اتوار کے روز راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ ہوا۔ جب حکومت زراعت بل منظور کرانا چاہتی تھی تو اپوزیشن کے متعدد اراکین پارلیمنٹ نے شدید نعرے بازی کی۔ پھر چیئر مین کے قریب پہنچ کر دستاویز پھاڑ دی۔ ڈپٹی اسپیکر ہری ونش ان اراکین پارلیمنٹ کو کورونا وائرس کی یاد دلاتے رہے ، لیکن انہوں نے کوئی بات نہیں مانی۔ ہنگامہ اتنا شدید ہوگیا کہ مارشل کو مداخلت کرنا پڑی۔ بعد میں ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔ معطل اراکین پارلیمان میں ڈیریک او برائن (ترنمول کانگریس) ،ڈولا سین (ترنمول کانگریس)، رپون بورا (کانگریس) ، سید ناصر حسین (کانگریس) راجو ساﺅ (کانگریس) ، سنجے سنگھ (عام آدمی پارٹی) ، کے کے راگیش (سی پی آئی-ایم) ،الارام کریم (سی پی آئی-ایم)شامل ہیں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments are closed.