کولکاتا:7اپریل:بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بدھ کے روز الزام لگایا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے کہنے پر سی آر پی ایف کے اہلکار ریاست میں ووٹروںکو ہراساں کررہے ہیں۔ ممتا نے ضلع کوچ بہار میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی فورس کے اہلکاروں پر بھی موجودہ اسمبلی انتخابات کے دوران خواتین سے بدتمیزی اور لوگوں پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وہ ووٹروں کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے سے روک رہے ہیں۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے انہیں ایسا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ممتا نے یہ بھی دعوی کیا ہے کہ ریاست میں جاری انتخابات کے دوران کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انتظامیہ الیکشن کمیشن چلا رہی ہے۔ انہوں نے اس پر غور کرنے کو کہا تاکہ ووٹنگ کے عمل کے دوران کسی کی موت نہ ہو۔ نیز یہ بھی کہا کہ میری آپ سے درخواست ہے کہ وہ سی آر پی ایف کے اہلکاروں پر نگاہ رکھیں جو اس وقت ریاست میں ڈیوٹی پر ہیں۔ انہیں خواتین کو ہراساں کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ ممتا نے کہا کہ ایسے معاملات بھی ہیں جن میں سینٹرل فورس کے ملازمین نے لڑکیوں کے ساتھ بدتمیزی کی ہے۔
Comments are closed.