کولکاتا،17،ستمبر:وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے قریب پارکنگ تنازعہ کا آغاز ہوگیا۔الزام ہے کہ اس دوران کچھ شرپسندوں نے ایک نوجوان کو بے دردی سے مارا پیٹا۔ جس سے نوجوان کو شدید چوٹ لگی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولس موقع پر پہنچ گئی۔ موصولہ معلومات کے مطابق 67 سالہ سجل ساہا اپنی فیملی کے ساتھ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی رہائش گاہ یعنی 366 کالی گھاٹ روڈ کے قریب رہتے ہیں۔بدھ کی رات کچھ نوجوانوں نے ان کے گھر کے سامنے موٹرسائیکل کھڑی کردی۔جس پر سجل ساہا نے اعتراض کیا۔ اس کے بعد ہی ہنگامہ شروع ہوگیا۔ اسی دوران سجل کا بیٹا سنجے گھر آیا۔ یہ الزام لگایا جارہا ہے کہ اسی وقت سنجے پر بھی نوجوانوں نے مبینہ طور پر حملہ کیا۔سنجے کو بری طرح سے پیٹا گیا۔اس کی آنکھ میں شدید چوٹ لگی ہے۔ صورتحال کو دیکھ کر متاثرہ کے لواحقین نے فوری طور پر 100 نمبر ڈائل کئے۔پولس تھوڑی دیر بعد ہی موقع پر پہنچ گئی۔پولس کو دیکھ کر شرپسند موقع سے فرار ہوگئے۔ تاہم اس کے بعد سنجے کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا۔ اس وقت اس کی حالت مستحکم ہے۔ اگرچہ آنکھوں میں چوٹ کافی سنگین ہے۔متاثرہ نوجوان کی بہن کا کہنا تھا کہ اگر رات کے وقت پولس وقت پر نہ پہنچتی تو ایک بڑا واقعہ پیش آسکتا تھا۔ موصولہ اطلاع کے مطابق بدھ کی رات واقعے کے بعد جمعرات کی صبح کئی مردوں اور خواتین نے متاثرہ کے گھر میں توڑ پھوڑ کی۔ ساہا کا پورا خاندان گھبرا گیا ہے۔ یہ قابل ذکر ہے کہ کولکاتا شہر میں پارکنگ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔انتظامیہ نے بھی اس مسئلے کو حل کرنے کےلئے متعدد اقدامات کیے ہیںلیکن اس سے مسئلہ ختم نہیں ہوا۔تاہم انتظامیہ وزیر اعلیٰ کے گھر کے قریب ہی اس طرح کے واقعے سے ناراض ہے۔ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
Comments are closed.