کوچ بہار 03 اگست: سوموار کے روز کوچ بہار ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس کی ہدایت پر ضلعی پولیس کے افسران نے لوگوں کو ماسک فراہم کیا۔ بہار پولیس کے ڈی ایس پی ٹریفک چندن داس سمیت متعدد پولیس افسران اور پولیس اہلکار آج سڑک پر راہگیروں کو ماسک پہناتے نظر آئے۔ یہاں سب سے الگ چیز ےہ دیکھی گئی کہ پولیس جو ماسک لوگوں کو فراہم کر رہے تھے اس پر رکشا بندھن کے بجائے ماسک بندھن لکھا ہوا تھا۔ کوچ بہار پولیس کے ڈی ایس پی ٹریفک چندن داس نے بتایا کہ آج رکشا بندھن کا تہوار ہے مگر اس کورونا کے دور میںراکھی سے زیادہ ماسک کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پولیس نے آج لوگوں کو ماسک فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کو معاشرتی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے متحد ہوکر شکست دی جاسکتی ہے۔ اس کو دھیان میں رکھتے ہوئے آج ضلع کے ہر تھانہ میں ماسک بندھن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا دور میں لوگوں کو اپنی حفاظت کے لئے ماسک استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ لہذا ، پولیس نے رکشا بندھن کے اس مقدس موقع پر ماسک بندھن کا تہوار منایا اور لوگوں سے درخواست کی گئی کہ وہ کورونا سے بچنے کے لئے ماسک پہنیں۔
Comments are closed.