Take a fresh look at your lifestyle.

کورونا وائرس کے سائے تلے ماہ رمضان کا آغاز ممتا بنرجی کی ماہ صیام کی مبارکباد ‘گھروں ہی میں رہ کر رمضان منانے کی اپیل

نئی دہلی/کولکاتا24 اپریل:کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بیشتر ملکوں اور خطوں میں بندشیں نافذ ہیں اور اسی دوران آج سے دنیا کے کئی حصوں میں ماہ رمضان شروع ہو گیا ہے۔ رمضان کے دوران بندشوں کے حوالے سے مختلف ملکوں اور لوگوں میں آراءمنقسم ہیں۔
آج سے دنیا کے کئی حصوں میں رمضان شروع ہو گیا ہے۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث بیشتر ملکوں اور خطوں میں بندشیں نافذ ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ روز رمضان میں بڑے اجتماعات سے بچنے پر زور دیا اور حکومتوں نے بھی ایسے ہی احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ تاہم بنگلہ دیش، پاکستان اور انڈونیشیا میں عوام کی جانب سے مزاحمت دیکھی گئی اور سماجی فاصلوں کی خلاف ورزی کی گئی۔ دریں اثناءرمضان کے پیش نظر متحدہ عرب امارات نے جمعرات سے بڑے شاپنگ مالز کھول دیے ہیں اور کرفیو کے اوقات میں بھی کمی کر دی گئی ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عوام کو رمضان کی مبارکباد دی ہے۔ اس سلسلے میں ، وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ کیا: سب کو رمضان مبارک ہو۔ یہ مہینہ خودشناسی اورتزکیہ کے لئے ہے۔ ایک ماہ کے روزے رکھنے والوں کو میری مبارکباد۔ عوامی مفاد اور وائرس سے پاک معاشرے کو مدنظر رکھتے ہوئے، میری اپیل ہے کہ ہمیں اپنے گھروں سے دعا مانگنی چاہئے۔ بنگال ہمیشہ خوشی اور غم میں متحد رہا ہے اور ہر طرح کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئیے ہم اس مقدس مہینے میں ایک دوسرے سے التجا کریں کہ ہم مل کر کندھے سے کندھا ملا کر اس وبا کا مقابلہ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رہے۔ ایک چیز جو ہم نے اپنے باپ دادا سے سیکھ لی ہے وہ یہ ہے کہ اچھی برائی پر ہمیشہ فتح پاتی ہے اور ہم فی الحال برائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ خدا ہم سب کو برکت عطا فرمائے اور سب کچھ ٹھیک کرے گھر میں رہو ہر طرح کی احتیاطی تدابیر اختیار کرو اپنی اور اپنے کنبے کی حفاظت کرو۔
ناخدا مسجد کے امام مولانا شفیق قاسمی نے آج ’عوامی نیوز ‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چاند نظر آگیا ہے۔ کل یعنی سنیچر کو پہلا روزہ ہے۔رمضان المبارک اس مرتبہ کورونا وائرس اور لاک ڈاﺅن کے سائے میں آیا ہے۔ ہم لوگوں کو رمضان المبارک کی سعادتیں بھی بٹورنا ہے اور لاک ڈاﺅن کی پاسداری بھی کرنا ہے۔ لوگوں کو چاہیے کہ مساجد میں جمع ہونے سے گریز کریں۔ گھر ہی پر تراویح کی نماز ادا کریں۔اسلام میںلچک ہے۔وہ سختی نہیں کرتا ہے۔ لہٰذا ہمیں آسان راستہ اختیار کرنا چاہیے۔کورونا وائرس کو لے کر حکومت نے جو سماجی دوری کا قانون بنایا ہے ہمیں اس کو مانتے ہوئے رمضان المبارک کو گزارنا ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس کی سعادتیں عطا کرے اور کورونا وائرس کے عذاب سے نجات دے۔آمین

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Comments are closed.