کولکاتا6نومبر:مقابلے کی سیاست میں آگے بڑھتے ہوئے وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بنگال کے ایک قبائلی خاندان گیتا مہالی کو سرکاری نوکری کا تقرری نامہ سونپا ہے۔ گیتا مہالی کو نوکری فراہم کرنا اہم اس لئے ہے کہ یہ نوکری ایسے وقت میں دی گئی ہے جب وزیر داخلہ امت شاہ بنگال کے دورے پر ہیں اور ریاست کے بانکوڑہ ضلع سے اپنے دورے کا آغاز کرتے ہوئے اپنے دورے کے پہلے دن ایک قبائلی خاندان کے ساتھ کھانا کھایا اور ریاست کی قبائلی برداری کے ساتھ کھڑے ہونے، ان کے مسائل کے حل کا یقین دلایا۔ وہیں ممتا بنرجی نے گیتا مہالی کو نوکری دینے کا اعلان کرکے بی جے پی کے وعدوں کو غلط بتایا۔ نوکری پانے والی گیتا کی خاص بات یہ ہے کہ یہ وہ خاندان ہے جو 2016 میں امت شاہ کی میزبانی کرچکا ہے۔گیتا مہالی شمالی بنگال کا ایک ایسا قبائلی خاندان ہے جس نے 2017 میں امت شاہ کے شمالی بنگال کے دورے کے دوران امت شاہ کی میزبانی کی تھی۔ گیتا مہالی نے کہا کہ شمالی بنگال کے دورے کے دوران امت شاہ نے ان کے گھر کھانا کھایا تھا اور ان کے مسائل کے حل کا یقین دلایا تھا۔ لیکن ایک طویل عرصہ گزر جانے کے بعد بھی ان کے مسائل حل نہیں کئے گئے۔ نہ ان کا حال جاننے کی کوشش کی گئی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپریل 2017 میں شمالی بنگال کے دورے کے دوران قبائلی خاندان کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا تھا۔ تین سال گزرنے کے بعد کل بنگال حکومت نے گیتا مہالی کو ہوم گارڈ کی نوکری فراہم کی ہے۔ ترنمول کانگریس نے قبائلی خاندان کے ساتھ وزیر داخلہ امت شاہ کے لنچ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امت شاہ نے مہالی خاندان کے ساتھ لنچ کھانے کے بعد قبائلیوں کو ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن 3 برسوں میں مرکزی حکومت نے قبائلیوں کے لئے کچھ بھی نہیں کیا۔ جبکہ ممتا بنرجی نے ان برسوں میں قبائلیوں کی ترقی کے لئے بہت سارے اقدامات کئے ہیں۔
بی جے پی نے ترنمول کانگریس پر اس معاملے میں سیاست کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ گیتا فیملی نے اس وقت امت شاہ کو مدعو کیا تھا لیکن ترنمول کانگریس نے اس خاندان کو ترنمول میں شامل کرلیا ہے۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا کہ مستقبل میں بھی مختلف برادریوں کے گھروں پر کھانا کھا کر رشتے مضبوط کئے جائیں گے۔ اگر ان سبھوں کو حکومت ملازمت دیتی ہے تو یہ اچھی بات ہے۔ سی پی ایم نے کہا کہ گیتا مہالی کو نوکری بی جے پی کی سیاست کا مقابلہ کرنے کے لئے دی گئی ہے۔ نوکری پانے والا یہ خاندان خوش ہے کہ اسے سرکاری نوکری ملی ہے۔
Comments are closed.