اسلام پور:یکم جولائی : ترنمول کانگریس کی خاتون پنچایت ممبر کے شوہر کو گولی مار کر ہلاک کرنے کی کوشش کا سنسنی خیز کیس سامنے آیا ہے۔شمالی دیناج پورضلع کے اسلام پور تھانہ کے گنجریا علاقے میں کل رات گئے واقعے کے بعد اس علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ شدید زخمی پنچایت ممبر کے شوہر کو اسلام پورمحکمہ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک ہونے کے بعد انہیں سلی گوڑی کے ایک نرسنگ ہوم ریفر کردیا گیا ۔ پولس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ترنمول کانگریس کے زیر انتظام گنجریا گرام پنچایت کی خاتون پنچایت ممبر روسیا بانو کے شوہر محمد افتخار احمد عرف ماسٹر گنجریا گذشتہ رات بازار سے گھر لوٹ رہے تھے۔ ایک پرائمری اسکول کے سامنے سے گزرتے ہی شرپسندوں نے انہیں نشانہ بنا کر گولی مار دی۔گولی لگتے ہی محمد افتخار احمد زمین پر گر پڑے۔ بعدازاں آس پاس کے لوگ انہیں تشویشناک حالت میں اسلام پورمحکمہ اسپتال لے گئے۔ یہاں سے اسے سلی گوڑی ریفر کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ ضلع ترنمول کے رہنما جاوید اختر نے بتایا کہ پولس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ملزم کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
Comments are closed.