مالدہ ،2،ستمبر:مالدہ ضلع کے تھانہ انگلش بازار کی پولس نے دو مختلف علاقوں میں چھاپہ مارا اور چار افراد کو آتشیں اسلحہ اور چوری شدہ موٹرسائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا۔ پولس نے ان چاروں کو بدھ کے روز مالدہ ضلع عدالت میں پیش کیا۔ معلومات کے مطابق منگل کی رات انگلش بازار کے یادو پور علاقے میں پولس نے ایک شخص کو مشکوک حالت میں دیکھ کر اسے روکا اور اس کی تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کے پاس سے ایک پائپ گن اور دو راونڈ کارتوس برآمد ہوئے۔ دوسری جانب گیش پور کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پولس نے تین مسروقہ موٹرسائیکلوں سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولس ذرائع کے مطابق آتشیں اسلحہ لے کر چلنے والے شخص کا نام نور احمد ہے۔ وہ تھانہ کالیاچک کے بلیاڈانگا کا رہائشی ہے جبکہ چوری شدہ موٹرسائیکلوں کے ساتھ گرفتار افراد کے نام شیخ ، الیداللہ حق اور شبیب شیخ ہیں۔ یہ سب گیش پور علاقے کے رہائشی ہیں۔
Comments are closed.